نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار اور ڈی جی آئی ایس پی آر آج اہم پریس کانفرنس کریں گے
اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری آج وزارت خارجہ میں مشترکہ طور پر ایک اہم پریس کانفرنس کریں گے، جس میں بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں اور ٹیرر فنانسنگ سے متعلق شواہد سامنے لائے جائیں گے۔
یہ اہم پریس کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب گزشتہ روز بھی پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف نے ایک بریفنگ کے دوران بھارت پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں نہ صرف دہشت گردوں کی معاونت کر رہا ہے بلکہ مالی امداد بھی فراہم کر رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ کے دوران انکشاف کیا کہ بھارتی دہشت گرد عبدالمجید کو جہلم کے بس اسٹینڈ سے گرفتار کیا گیا، جس کے موبائل فون سے حاصل ہونے والے فرانزک شواہد میں بھارتی آرمی افسران کی واٹس ایپ چیٹس اور وائس میسجز موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق، آج کی پریس کانفرنس میں مزید شواہد، تفصیلات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان متوقع ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام عالمی سطح پر بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔






