اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

معدنیات بل پر بے بنیاد مفروضے پھیلائے جا رہے ہیں، کسی کو صوبے کے اختیارات نہیں دیے جا رہے: علی امین گنڈاپور

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ مجوزہ معدنیات بل میں کسی کو بھی صوبے کے اختیارات منتقل کرنے کی کوئی شق موجود نہیں، اور سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے مفروضے بے بنیاد ہیں۔

اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معدنیات سے متعلق قانون کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، حالانکہ بل واضح ہے اور جو لوگ اس پر تنقید کر رہے ہیں انہیں چاہیے کہ بل خود پڑھیں یا کسی ماہرِ قانون سے رجوع کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) اور نہ ہی وفاقی حکومت کو اس بل کے ذریعے کسی قسم کے اختیارات دیے جا رہے ہیں۔ "آپ لوگوں نے بل پڑھا ہی نہیں اور مفروضوں کی بنیاد پر بیانیہ بنا لیا ہے”، وزیر اعلیٰ نے کہا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان کی حکومت نے اصلاحات کے بغیر بھی مائنز اینڈ منرلز کے شعبے سے ریونیو میں ساڑھے تین ارب روپے کا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر مستقبل میں بل میں کسی ترمیم کی ضرورت محسوس ہوئی تو اسے بھی مناسب طریقے سے حل کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کی معدنی دولت کو شفاف، منصفانہ اور صوبائی خودمختاری کے دائرے میں رہتے ہوئے استعمال میں لایا جائے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button