کراچی: کراچی میٹرک بورڈ میں انتظامی سطح پر ایک سنگین غفلت سامنے آئی ہے، جہاں متعدد ملازمین کی سروسز بک سیکریٹری آفس سے پراسرار طور پر غائب ہو گئی ہیں۔ اس واقعے نے ادارے کی شفافیت اور ریکارڈ کی حفاظت سے متعلق سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ سروسز بک جیسے اہم ریکارڈ کا غائب ہونا نہایت سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے، اور اس کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔
چیئرمین نے واضح کیا کہ سروسز بُک کی ریکوری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جو افراد اس غفلت یا ممکنہ بدنیتی میں ملوث پائے گئے، اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق بورڈ کے اعلیٰ حکام اس واقعے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسی کسی بھی بے ضابطگی سے بچا جا سکے اور ادارے کے ریکارڈ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔





