واشنگٹن (بین الاقوامی مانیٹرنگ ڈیسک) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکومت کے ابتدائی 100 دن مکمل ہونے پر ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہیں امریکہ کی تاریخ کے "سب سے کامیاب” دن قرار دیا اور کہا کہ ان کا دور حکومت "عقل کا انقلاب” ثابت ہو رہا ہے۔
ریلی سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ چین کے ساتھ ایک منصفانہ تجارتی ڈیل ہونے جا رہی ہے، جس کے لیے دونوں ممالک سنجیدہ مذاکرات میں مصروف ہیں۔
"چین ڈیل کرنا چاہتا ہے، اور ہم ایک اچھی اور منصفانہ ڈیل کرنے جا رہے ہیں،” ٹرمپ نے دعویٰ کیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنی حکومت کی امیگریشن پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی بچوں کو دی جانے والی خودکار شہریت ختم کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر جو بائیڈن نے دعویٰ کیا تھا کہ امیگریشن کنٹرول کرنا ممکن نہیں، لیکن ہم نے ثابت کیا کہ صرف قیادت کی تبدیلی کی ضرورت تھی۔
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ڈیموکریٹک پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیکس بڑھانا چاہتے ہیں، جب کہ ان کی حکومت کم ٹیکس، مضبوط فوج اور روایتی اقدار کی حامی ہے۔
انہوں نے اپنے الفاظ میں کہا:
"جو ری پبلکن ہمارے ایجنڈے کی حمایت نہیں کرتے، انہیں باہر نکال دیں۔”
صدر ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کی حکومت ٹرانس جینڈر نظریات اور ‘پاگل پن’ پر مبنی ایجنڈوں کو حکومتی پالیسی سے دور رکھے گی۔
"ہم امریکا کو دوبارہ عظیم بنا رہے ہیں، اور یہ تیزی سے ہو رہا ہے،” انہوں نے زور دے کر کہا۔
صدر ٹرمپ کا یہ خطاب اُن کی سیاسی حکمت عملی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے، جو 2024 کی ممکنہ انتخابی مہم کی بنیاد بن سکتا ہے۔






