پاکستان میں گرمی کا نیا عالمی ریکارڈ بننے کا خدشہ، واشنگٹن پوسٹ کی وارننگ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) — عالمی شہرت یافتہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے پاکستان میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد کو چھو سکتا ہے، جو ممکنہ طور پر گرمی کا نیا عالمی ریکارڈ ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا، بالخصوص پاکستان کے وسطی اور جنوبی علاقے شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ اس سے قبل اپریل 2018 میں پاکستان کے شہر نواب شاہ میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچا تھا، جو اس وقت ایشیا میں گرمی کا بلند ترین ریکارڈ تصور کیا گیا۔
موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی انسانی صحت، زراعت اور توانائی کے شعبوں پر سنگین اثرات مرتب کر سکتی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں بجلی کی ترسیل پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات پاکستان نے بتایا ہے کہ یکم مئی سے ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہو سکتا ہے، جو 5 مئی تک جاری رہے گا۔ اس سسٹم کے تحت مئی کے پہلے ہفتے میں بارش کی امید ہے، جو گرمی کی شدت میں کچھ حد تک کمی لا سکتی ہے۔
ماہرین موسمیات اور حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیرضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں، اور ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔






