اہم خبریںتازہ تریندنیا

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی: اقوام متحدہ کی مصالحت کی پیشکش، تنازع کے پرامن حل پر زور

نیو یارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی اور تناؤ میں کمی کے لیے مصالحت کی پیشکش کی ہے۔

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان عزیز حق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیکریٹری جنرل کا ماننا ہے کہ "پیچیدہ اور حساس مسائل بھی بامعنی اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے پرامن طور پر حل کیے جا سکتے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ایسی کسی بھی کوشش کی حمایت کے لیے تیار ہے جو دونوں ممالک کے لیے قابل قبول ہو اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دے۔

یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک افسوسناک واقعے میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی، سرحد کراسنگ کی بندش، سفیروں کی ملک بدری اور پاکستانی ویزہ ہولڈرز کو ملک چھوڑنے کے احکامات دیے گئے۔

جواباً پاکستان نے بھی بھارتی ویزہ اسکیم معطل کر دی، چند بھارتی سفارتکاروں کو ملک بدر کیا، اور فضائی حدود بھارتی پروازوں کے لیے بند کر دی۔

اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن (UNMOGIP) کے حوالے سے سوال پر ترجمان نے وضاحت کی کہ اگرچہ مبصرین اس علاقے میں موجود نہیں تھے جہاں حملہ ہوا، تاہم مشن اپنی ذمہ داریوں کے تحت لائن آف کنٹرول پر نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے مبصرین کو ایل او سی پر کام کرنے کی اجازت دیتا ہے، جب کہ بھارت اس کی اجازت نہیں دیتا۔

سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے یہ مصالحتی پیشکش جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور باہمی اعتماد سازی کے لیے ایک اہم موقع فراہم کر سکتی ہے، بشرطیکہ دونوں فریق بات چیت پر آمادگی ظاہر کریں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button