سعودی عرب کا حج قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا اعلان، بھاری جرمانے اور سزائیں مقرر
ریاض: سعودی وزارتِ داخلہ نے حج سیزن کے دوران بغیر اجازت مقدس مقامات میں داخلے اور دیگر خلاف ورزیوں پر سخت سزاؤں اور جرمانوں کا اعلان کر دیا ہے، تاکہ حج کے نظام کو منظم، محفوظ اور باوقار انداز میں انجام دیا جا سکے۔
وزارت داخلہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، بغیر اجازت حج کرنے یا اس کی کوشش کرنے والوں پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح، حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات میں وزٹ ویزا پر داخل ہونے والوں پر بھی 20 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی فرد غیر مجاز زائرین کو ٹرانسپورٹ یا رہائش فراہم کرتا ہے تو اس پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ایسے سہولت کاروں کو نہ صرف ڈی پورٹ کیا جائے گا بلکہ ان پر دس سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی بھی لگائی جائے گی۔ اس کے علاوہ، غیر قانونی زائرین کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی ضبط کیا جا سکتا ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ جرمانے یا سزاؤں کے خلاف 30 دن میں اپیل اور 60 دن کے اندر عدالت میں درخواست دائر کرنے کا حق حاصل ہوگا۔
سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات زائرین کی سلامتی، مناسکِ حج کی روحانیت اور نظامِ حج کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔






