اہم خبریںدنیا

نیو یارک ٹائمز کا انکشاف: بھارت پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا جواز بنا رہا ہے

نیویارک/اسلام آباد: بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے ایک اہم رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت اندرونی سیاسی دباؤ اور عالمی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا جواز تیار کر رہا ہے۔ رپورٹ میں بھارتی جنگی عزائم، سفارتی دباؤ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پہلگام میں پیش آنے والے مشکوک واقعے کو "فالس فلیگ آپریشن” قرار دیا گیا ہے، جس کے فوراً بعد بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کیا۔ ماہرین کے مطابق بھارت کی یہ حکمتِ عملی ایک منظم منصوبہ بندی کا حصہ معلوم ہوتی ہے جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔

اخبار کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے درجنوں عالمی رہنماؤں سے رابطہ کر کے پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے شدید ردعمل کی دھمکیاں دیں، تاہم کسی بھی بین الاقوامی فورم پر تاحال کوئی قابلِ قبول ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔

نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارتِ خارجہ کے سفارتکاروں کو بریفنگز دی جا رہی ہیں جن میں پاکستان کو دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ لیکن بین الاقوامی برادری نے بھارت سے ٹھوس شواہد پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت نے نہ صرف 1960 کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا بلکہ سفارتی تعلقات محدود کرتے ہوئے پاکستانی سفارتکاروں کو ملک بدر اور ویزے منسوخ کر دیے۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت میں کشمیریوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم میں بھی شدت آ گئی ہے۔

بھارت کی موجودہ پالیسیوں سے جنوبی ایشیا میں امن کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ عالمی مبصرین اور انسانی حقوق کے ادارے اس پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور جلد بین الاقوامی ردعمل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button