بیجنگ/اسلام آباد: پہلگام واقعے کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران چین نے پاکستان کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے جائز سیکیورٹی خدشات کو بخوبی سمجھتا ہے اور اس کی خودمختاری و سلامتی کے تحفظ کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پہلگام واقعے کی شفاف اور بروقت تحقیقات کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ فریقین کو الزام تراشی کے بجائے بات چیت اور سفارتی ذرائع سے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔
چینی وزیر خارجہ نے بھارت اور پاکستان دونوں پر زور دیا کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور تصادم کی بجائے بات چیت کے ذریعے کشیدگی کم کریں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آئے افسوسناک واقعے میں 26 سیاح جاں بحق ہوئے تھے، جس کا الزام بھارت نے بلا ثبوت پاکستان پر عائد کیا۔ اس کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت متعدد سخت اقدامات کیے۔
پاکستان نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیش کش کی اور سفارتی سطح پر بھرپور مؤقف اپناتے ہوئے دنیا بھر کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے۔ اس سلسلے میں نائب وزیر اعظم کی عالمی سطح پر مؤثر سفارت کاری قابل ذکر رہی۔
چین کی حمایت پاکستان کے لیے ایک سفارتی کامیابی تصور کی جا رہی ہے، جو کہ عالمی برادری میں پاکستانی مؤقف کی ساکھ کو تقویت دے سکتی ہے۔





