آج پاکستان نے بھارتی گیدڑ بھبکیوں کا جواب دیا، عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا گیا، آج پاکستان نے بھارت کے جارحانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم نے بھارتی بیانات پر اپنا ردعمل دگنا کر دیا ہے، بھارت کے ساتھ تجارت مکمل طور پر بند ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ بھارت کے پاس صرف اونچی آوازیں اور حملے ہوتے ہیں، بھارت دہشت گردی کا استعمال کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جان چکی ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کرتا ہے، آج بھارت دہشت گردی کو اپنے سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج ہم نے سود سمیت سکور طے کر لیا ہے۔
علاوہ ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستانی شہروں میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، ہمارے شہریوں پر حملہ ہوا تو بھارتی شہری بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے دفاع کا پورا حق ہے، اگر بھارت کوئی مہم جوئی کرنا چاہتا ہے تو پاکستان تیار ہے، پاکستان اپنے دفاع میں کسی بین الاقوامی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائے گا۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے، بی ایل اے کر رہی ہے، جو افغانستان میں ہو رہا ہے، اس میں بھارت کا ہاتھ نظر آتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بطور ریاست بھارت نے کینیڈا اور امریکا کو دہشت گردی برآمد کی، کینیڈا نے دہشت گردی کی وجہ سے بھارت سے احتجاج کیا، سب سے بڑی زندہ گواہی کلبھوشن جادھو ہے، ہمیں اپنے دفاع کا پورا حق ہے، ہمارے یہاں زندہ گواہی ہے، کلبھوشن جادھو، بی ایل اے کھلے عام بھارت کے ساتھ اتحاد کا اعلان کرتا ہے۔






