عمران خان سےکیوں نہیں ملنے دیا جارہا؟ محمود اچکزئی کی تمام افراد سے آئین کیلئےکھڑے ہونےکی اپیل
اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات نہ کرائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم سوال ہے کہ آخر عمران خان نے ایسا کیا کیا ہے جس کی بنیاد پر ان سے ملاقات نہیں ہونے دی جا رہی؟
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں آنے والے نمائندے اپنا اسپیکر یا وزیراعظم منتخب کرتے ہیں، لیکن ہمارا مؤقف واضح ہے کہ فیصلے صرف 25 کروڑ عوام کی منتخب پارلیمان ہی کرے۔
انہوں نے شہریوں سے آئین اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے کھڑا ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "میں پاکستان کے عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمارے ساتھ باہر نکلو، ہمیں اس پارلیمنٹ میں اپنی آواز بلند کرنا ہوگی۔”
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے بھی انتخابی حقوق کی مبینہ پامالی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہری پور میں عوام کے حقِ رائے دہی کو چھینا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلا برادری خود بتائے کہ کیا یہ آئین کی عزت ہے؟
اسد قیصر نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنی انا سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں پاکستان کا سب سے بڑا جرگہ ہوا لیکن اس کی قرارداد کو آج تک اہمیت نہیں دی جا رہی، جو انتہائی تشویشناک ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں کے ان بیانات نے ملک میں جاری سیاسی کشیدگی اور آئینی عمل کے حوالے سے جاری بحث کو ایک بار پھر گرم کر دیا ہے۔






