اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

عمران خان کی 73ویں سالگرہ: جیل میں منائی جانے والی سالگرہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ

اسلام آباد – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان آج اپنی 73ویں سالگرہ منا رہے ہیں، تاہم اس بار وہ یہ دن جیل میں گزار رہے ہیں۔ عمران خان اس وقت مختلف مقدمات میں قید ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کے چاہنے والوں نے ان کی سالگرہ کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر عمران خان کی سالگرہ کے حوالے سے متعدد ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گئے، جن میں #HappyBirthdayImranKhan اور #سالگرہ_مبارک_قیدی_نمبر_804 نمایاں ہیں۔ لاکھوں صارفین نے ان ہیش ٹیگز کے تحت اپنے خیالات، دعائیں اور جذبات کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے عمران خان کو بہادری، دیانتداری، اور پاکستان کے لیے ان کی غیر متزلزل جدوجہد پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ صارفین نے ان کی سیاسی، سماجی اور قومی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے اپنے پیغام میں کہا:

"امت مسلمہ کے عظیم لیڈر عمران خان کو 73ویں سالگرہ مبارک ہو۔ میری دعا ہے کہ آپ کی جدوجہد امر ہو، آپ کا عزم مستحکم رہے اور آپ کے خوابوں کا پاکستان ضرور تعمیر ہو۔ خان صاحب، اللہ رب العزت آپ کو لمبی، صحت والی، آزادی والی زندگی عطا کرے۔”

ایکس صارف ثاقب شاہ نے لکھا:

"سالگرہ مبارک ہو جناب عمران خان! اللہ تعالیٰ انہیں صحت، طاقت اور غیر متزلزل ایمان عطا فرمائے۔ اللہ انہیں آزادی، انصاف اور یہ ہمت دے کہ وہ دیانتداری اور حوصلے کے ساتھ قوم کی خدمت جاری رکھ سکیں۔”

ایک اور صارف احمد نے کہا:

"آپ نے زندگی کا سفر عزت اور وفاداری کے ساتھ طے کیا، ہر موڑ پر محبت کا پاس رکھا۔ یہ محض 73 سال نہیں، آپ ایک مثال ہیں۔ اللہ کرے آپ کو ہزاروں برس نصیب ہوں، سلامت اور خوشحال رہیں۔”

انصاف یوتھ ونگ کراچی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا:

"قوم کی امید عمران خان کو سالگرہ مبارک ہو۔ اللہ انہیں صحت، طاقت اور جلد آزادی عطا فرمائے۔”

عمران خان کی سالگرہ پر سوشل میڈیا پر جاری محبت بھرے پیغامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان کے چاہنے والے آج بھی ان کے نظریے اور قیادت پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں، چاہے وہ کسی بھی حال میں کیوں نہ ہوں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button