عدلیہ آزاد نہیں، عمران خان کے خلاف تمام کیسز پری پلان ہیں، علی امین گنڈاپور نےنیا پنڈوراباکس کھل دیا
اسلام آباد (25 ستمبر 2025) – وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک میں عدلیہ آزاد نہیں رہی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف چلنے والے تمام مقدمات ایک منصوبہ بندی کے تحت قائم کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گنڈاپور کا کہنا تھا کہ:
"یہ سب کو معلوم ہے کہ ایک ڈرامہ چل رہا ہے۔ عمران خان کے خلاف کیسز ایک تسلسل کے ساتھ چل رہے ہیں۔ جب ایک کیس کا فیصلہ آنے والا ہوتا ہے، تو دوسرا کیس بنا دیا جاتا ہے۔ یہ سب ایک پری پلان منصوبہ ہے۔”
انہوں نے کہا کہ ملک میں عدلیہ آزادی سے فیصلے کرنے سے قاصر ہے اور یہ صورتحال انصاف کے نظام پر سنگین سوالات اٹھاتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں سپریم کورٹ سے انصاف کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"ہماری گزارش ہے کہ 25 کروڑ عوام کی نظریں آپ پر ہیں۔ آپ کو دباؤ کے باوجود اپنی پوزیشن پر بیٹھ کر دلائل کی بنیاد پر فیصلے کرنے چاہئیں۔ ایک دن سب کو اللہ کو جواب دینا ہے، قرآن کی تفسیر پڑھیں اور انصاف کریں۔”
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ملک میں حقیقی آزادی، انسانی حقوق اور انصاف کی فراہمی خطرے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ:
"یہ نظام اس طرح نہیں چل سکتا۔ عمران خان کی برداشت کی بھی ایک حد ہے۔ آپ نے تمام ادارے مفلوج کر دیے ہیں۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ:
"بانی پی ٹی آئی عمران خان قوم اور ہمارے بچوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کی خواہش پر جلسہ ہوگا اور بھرپور جلسہ ہوگا۔”
گنڈاپور کی یہ گفتگو ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب عمران خان کے خلاف متعدد مقدمات عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں، اور سیاسی ماحول خاصا کشیدہ ہے۔






