پاکستان پر ایک اور بھارتی الزام بے بنیاد ثابت – بیلانور شاہ میں دہشتگردی کے کوئی شواہد نہ ملے
مظفرآباد: 6 مئی 2025
بھارت کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان پر لگایا گیا دہشت گردی کا الزام جھوٹا اور بے بنیاد ثابت ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر آزاد کشمیر کے علاقے بیلانور شاہ میں دہشتگردوں کے مبینہ تربیتی کیمپس کا دعویٰ کیا، تاہم غیر ملکی اور پاکستانی صحافیوں کے حالیہ دورے میں ان الزامات کی کوئی تصدیق نہ ہوسکی۔
بیلانور شاہ، جو لائن آف کنٹرول سے تقریباً 26 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، وہاں صحافیوں کو مکمل طور پر پرامن ماحول اور معمولات زندگی کی روانی نظر آئی۔ مقامی شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں نہ کبھی کوئی تربیتی کیمپ موجود تھا اور نہ ہی ایسی کسی سرگرمی کی کوئی جھلک دیکھی گئی ہے۔
ایک مقامی رہائشی کا کہنا تھا:
"میں 37 سال سے یہاں رہ رہا ہوں، کبھی کسی کیمپ کا نام و نشان تک نہیں دیکھا۔ ہماری زندگی پُرسکون ہے اور بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔”
ایک سیاح نے بھی علاقے کے بارے میں اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا:
"ہم یہاں سیر و تفریح کے لیے آئے ہیں۔ بچے اسکول جا رہے ہیں، کالج موجود ہے، زندگی معمول کے مطابق ہے۔ یہاں کوئی خطرہ یا غیر معمولی صورتحال نہیں دیکھی۔”
بیلانور شاہ میں تعلیمی سرگرمیاں بھی بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ ایک نجی اسکول کی پرنسپل نے میڈیا کو بتایا کہ:
"ہم گزشتہ پانچ برس سے ادارہ چلا رہے ہیں۔ یہاں کبھی کسی مشکوک سرگرمی کا مشاہدہ نہیں ہوا۔ ہم پُرامن ماحول میں تعلیم دے رہے ہیں۔”
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔
"ہم خود یہاں آ کر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ دنیا کو بتا سکیں کہ بھارتی دعوے محض نقشوں اور تخیلات پر مبنی ہیں۔”
بھارتی الزامات کے برعکس، بیلانور شاہ میں نہ صرف مکمل امن قائم ہے بلکہ قدرتی خوبصورتی، تعلیمی سرگرمیاں اور روزمرہ زندگی کی رونق بھی واضح طور پر نظر آتی ہے۔ اس علاقے کا پُرامن ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کا پراپیگنڈا حقیقت کے برعکس ہے اور اس کا مقصد صرف جنگی جنون کو ہوا دینا ہے۔






