اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پیر کو ترکیہ روانہ ہوں گے

اسلام آباد — 1 نومبر 2025: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورۂ ترکیہ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ دورہ ترک وزیر خارجہ حکان فدان کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار غزہ سفارتی امن اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ اجلاس ترکیہ میں منعقد ہو گا جس میں آٹھ بڑے مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
اجلاس میں پاکستان، قطر، ترکیہ، سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور اردن کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیر اعظم اجلاس میں غزہ کے عوام کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کریں گے اور اسرائیل کی جانب سے غزہ پر دوبارہ جارحیت کے آغاز کی سخت مذمت کریں گے۔
اجلاس کی سائیڈ لائنز پر اسحاق ڈار کی سعودی عرب، ترکیہ، امارات اور دیگر شریک وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں علاقائی تعاون اور فلسطین کے مسئلے پر مشترکہ مؤقف پر بات چیت کی جائے گی۔
اجلاس میں غزہ امن منصوبے کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ شرکاء کے درمیان فلسطینی قیدیوں اور اسرائیلی یرغمالیوں کے تبادلے پر گفتگو متوقع ہے۔
مزید برآں، اجلاس میں غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلا، انسانی امداد کی فراہمی، امدادی راہداریوں کی بندش اور فلسطینی شہریوں کی بحالی سے متعلق اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک ممالک کی جانب سے اسرائیل کی تازہ فضائی کارروائیوں اور حملوں کی مذمت بھی متوقع ہے۔
یہ آٹھ مسلم ممالک کا گروپ غزہ میں قیامِ امن اور اسرائیل-حماس جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اشتراکِ عمل کے طور پر تشکیل دیا گیا تھا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button