ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 6 افراد جاں بحق
ملک کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں چھ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
لاہور میں رائیونڈ مانگا روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دو موٹرسائیکل سوار موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 21 سالہ سیف زاہد اور 18 سالہ فیضان شامل ہیں جو آپس میں کزن تھے اور مانگا منڈی کی ایک فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ دونوں نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکپتن میں ساہیوال روڈ پر دھند کے باعث تیز رفتار بس ٹریکٹر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد معمولی زخمی ہو گئے۔ جاں بحق شخص کی لاش قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
ادھر بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں شکور اڈہ کے قریب دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ خواتین اور بچے زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے بتایا جا رہا ہے۔
پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔






