اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

این ڈی ایم اے کی بالائی علاقوں میں بارش اور شدید برف باری کی پیش گوئی، ایڈوائزری جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 13 سے 18 دسمبر 2025 کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، کوہستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ 13 سے 15 دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی اور مغربی پاکستان کے متعدد علاقوں کو متاثر کرے گا۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ممکنہ موسمی صورتحال کے باعث دھند کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برف باری ہو سکتی ہے۔ کوہستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ برف باری کے باعث پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے اور بعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان کے چند علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 16 سے 18 دسمبر کے دوران برف باری کی شدت میں کمی آئے گی تاہم سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے جبکہ شمالی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی برف باری بھی ہو سکتی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے سیاحوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال اور خطرات کے حوالے سے پیشگی آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button