اسحٰق ڈار سے ملاقات: امریکہ نے ایران سے ثالثی اور انسداد دہشتگردی میں پاکستان کے کردار کو سراہا
واشنگٹن/اسلام آباد: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار سے حالیہ ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ نے ایران سے مذاکرات میں ثالثی اور علاقائی استحکام برقرار رکھنے کے حوالے سے پاکستان کے تعمیری کردار کی کھل کر تعریف کی ہے۔
ملاقات کے دوران، امریکی سینیٹر مارکو روبیو نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا اور خاص طور پر کمیاب معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بات کی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی، خصوصاً داعش کے خلاف مشترکہ کوششوں اور دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ٹیمی بروس نے مزید انکشاف کیا کہ امریکہ-پاکستان انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ اگست میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک دہشتگردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، یہ ملاقات نہ صرف اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے بلکہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیے جانے کا بھی ثبوت ہے۔






