راولپنڈی: سابق پاکستانی فاسٹ بولر اور کرکٹ لیجنڈ شعیب اختر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی راولپنڈی میں دوبارہ بحالی کو ایک جرات مندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ دنیا کو ایک مضبوط پیغام دیتا ہے کہ "ہم بزدل نہیں ہیں۔”
یاد رہے کہ 8 مئی 2025 کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب ایک مبینہ بھارتی ڈرون حملے کے بعد پی ایس ایل کے میچز وقتی طور پر ملتوی کر دیے گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد ابتدائی طور پر لیگ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے پر غور کیا گیا، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لیگ کو مؤخر کرتے ہوئے مقامی سطح پر ہی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔
10 مئی کو پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد پی سی بی نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل 17 مئی سے دوبارہ شروع ہوگی۔ گروپ اسٹیج کے میچز راولپنڈی میں جبکہ پلے آف اور فائنل لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
شعیب اختر کا بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں عوام اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے اُن کے جذبے اور قومی حمیت کو سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اس بیان کو پاکستان کے حوصلے اور اتحاد کی علامت قرار دے رہے ہیں۔
یہ فیصلہ نہ صرف قومی سطح پر اعتماد کی بحالی کا سبب بنا بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی اور دباؤ کے سامنے جھکنے والی نہیں۔