وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی خبریں، چوہدری نثار علی خان بھی بول پڑے


سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعلیٰ پنجاب بنانے سے متعلق خبروں پر رد عمل دیدیا، کہتے ہیں کہ جن لوگوں نے شوشہ چھوڑا وہی اس کا جواب بھی دیں۔

روات میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن چھوڑ کر آزاد حیثیت سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وہ سیاست عہدے کیلئے نہیں، عوام کیلئے کرتے ہیں، جن لوگوں نے انہیں وزیراعلیٰ بنانے کا شوشہ چھوڑا وہی اس کا جواب بھی دیں۔

سابق وزیر داخلہ بولے کہ اگر وہ عمران خان کے ساتھ ہوتے تو کہتے کہ ایک جگہ اکٹھے ہوجائیں کیونکہ آج اتحاد کی ضرورت ہے، دوسروں پر تنقید کرنے والے عمران خان نے چند ماہ میں ریکارڈ قرضے لئے، اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں جو مہنگائی ہوگی اس سے عوام کی چیخیں نکل جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل قریب میں بطور رکن پنجاب اسمبلی حلف اٹھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، میں نے اس لئے پنجاب اسمبلی کا حلف نہیں اٹھایا کیونکہ میرے ساتھ قومی اسمبلی کی نشست پر ہاتھ ہوا۔