وزیراعظم دورۂ چین مکمل کر کے وطن پہنچ گئے

وزیر اعظم عمران خان دورۂ چین مکمل کر کے پاکستان پہنچ گئے، وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ چین سے متعلق وزارتِ خارجہ نے اعلامیہ جاری کر دیا۔

وزراتِ خارجہ کے اعلامیے کے مطابق چینی صدر کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان نے 25سے28اپریل تک چین کادورہ کیا جس می انہوں نے بیجنگ میں ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کی۔

ترجمان دفترخارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بیجنگ انٹرنیشنل ہارٹیکلچر نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔

وزرات خارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 27 اپریل کو گول میز کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نےفورم میں بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کیلئے4نئےشعبوں کی تجویزدی ۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے دورۂ چین کے دوران وفود کی سطح پر چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کیں، چینی صدر سے ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی اور افغانستان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزرات خارجہ کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فورم کی سائیڈ لائن پر وزیر اعظم کی تاجکستان، مصر، ازبکستان، ملائشیا اور ایتھوپیا کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں۔