میلسی میں 2 لاپتہ بچیوں کی لاشیں کماد کی فصل سے برآمد ،قاتل سگا ماموں نکلا

میلسی(انمول نیوز) ایک روز پہلے لاپتہ ہونے والی دو بچیوں کی لاشیں کماد کی فصل سے برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق جہاں پور میلسی کی دو بچیاں ثانیہ بی بی اور بگو گزشتہ روز لاپتہ ہوگئی تھیں، ان کی لاشیں جہاں پور سے کماد کی فصل سے ملی ہیں، انہیں قتل کرکے لاشیں کھیت میں پھینک دی گئیں۔

دونوں بچیاں آپس میں کزن تھیں اور ان سے زیادتی کا شبہ ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او وہاڑی سے فوری رپورٹ طلب کرلی

پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل میلسی میں 2 بچیوں کے مبینہ قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے، بچیوں کا ماموں ہی ان کا قاتل نکلا۔

ڈی پی او وہاڑی اختر فاروق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سگا ماموں کمسن بچیوں کے قتل میں ملوث ہے، ملزم نے ایک بچی کو قتل کرنے سے قبل اس کے ساتھ زیادتی بھی کی تھی۔

ڈی پی او وہاڑی کے مطابق 17 سالہ ملزم اظہر اسی علاقہ کا رہائشی ہے اور اس نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس نے ملزم کے کپڑے اور مفلر بھی برآمد کرلیے ہیں، ملزم نے ہاتھوں سے بچیوں کا گلہ دبا کر ان کو قتل کیا ہے بچیوں کے پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے جسمانی اعضاء سے نمونے حاصل کرکے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری لاہور بجھوا دئیے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم کا چالان بنادیا گیا ہے۔