مناسک حج کاآغاز،حجاج کرام منیٰ روانہ

مکہ مکرمہ(انمول نیوز) مناسک حج کا آغاز ہوگیا، دنیا بھر سےفریضہ حج کی ادائیگی کیلئے آئے 20لاکھ سے زائدحجاج کرام منیٰ کی طرف روانہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق عازمین حج ٹرین اور بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ رہے ہیں۔ رواں سال سب سے زیادہ عازمین حج انڈونیشیاسے ڈھائی لاکھ جبکہ پاکستان سے 2لاکھ ہیں۔

 منیٰ میں ہررنگ ونسل کےاہل ایمان کیلئےدنیا کی سب سےبڑی خیمہ بستی آبادہوگئی۔ حج کا رکن اعظم وقوف کل ہوگا،حجاج میدان عرفات میں خطبہ حج سنیں گے۔ حجاج کرام ہفتے کے روزغروب آفتاب تک میدان عرفات میں وقوف کریں گےجس کے بعدمزدلفہ میں مغرب اورعشاء ایک ساتھ اداکرکےرات کھلے آسمان تلےگزاریں گے۔

حجاج اتوار کو سورج نکلنے کے بعد رمی جمرات اور پھر قربانی کریں گے۔

گزشتہ روزوزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے مکہ میں پاکستان حج میڈیکل مشن اسپتال کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر نے حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔

 پیر نور الحق قادری نے اسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور اسپتال میں حجاج سے ملاقات کی۔ پیر نور الحق قادری کاکہناتھا کہ حجاج کی اکا دکا شکایات ہیں ان کا ازالہ کیا جارہا ہے ۔

پیر نور الحق قادری کاکہناتھاکہ اس سال 31 حجاج کی وفات ہوئی ہے۔ حجاج کی اموات کی شرح گزشتہ سالوں کی نسبت کم ہے ۔ اس سال 24ہزارحجاج کے بیمار ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں ۔

 پیر نور الحق قادری نے کہا کہ حجاج معمول کے چیک اپ کیلئے بھی اسپتال آتے ہیں ۔ میڈیکل ڈسپنسریاں منیٰ اورعرافات میں بھی پاکستانی حجاج کو سہولیات فراہم کریں گی ۔

 وفاقی وزیرنے کہا کہ بیمار حجاج کی حج کے فرائض کی ادائیگی ایمبولینس کے ذریعے کروائی جائے گی۔