ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد اور ترک صدر رجب طیب اردوان کا مسئلہ کشمیر پر بھر پور حمایت کا اعلان

اسلام آباد (انمول نیوز) وزیر اعظم عمران خان  نےملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد اور ترک صدر رجب طیب اردوان سے مقبوضہ کشمیر کی  کشیدہ صورتحال پر ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد اور ترکی صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطے میں کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارتی اقدام سے دو ہمسایہ ایٹمی طاقتوں کے درمیان تعلقات مزید خراب ہوں گے۔

کشمیریوں کے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں  کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔

 ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں جبکہ ترک صدر طیب اردوان کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر بھر پور حمایت کی یقین دہانی  کرائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے صدر رام ناتھ کووند نے کشمیر کے‌ حوالہ سے خصوصی آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دئیے ہیں جسے پاکستان اور کشمیر کی جانب سے مستردکردیا گیا ہے۔