معروف ہالی ووڈ اداکارہ نے سیاست میں آنے کا اشارہ دے دیا

معروف ہالی ووڈ اداکارہ اسکارلٹ جانسن نے سیاست میں آنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں حقیقی معنوں میں فوری تبدیلی کی ضرورت ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ سے جاری خبروں کے مطابق میگا بجٹ سپر ہیرو فلم اوینجر اینڈ گیم میں بلیک وڈو کے طور پر دکھائی دینے والی اسکارٹ جانسن سیاسی میدان میں اُترنے والی ہالی ووڈ کی پہلی سیاستدان نہیں لیکن ان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ صدارتی سیاست نہیں بلکہ مقامی سیاست میں آنا چاہتی ہیں۔

چونتیس سالہ اسکارٹ جانسن کا کہنا ہے اس وقت علاقائی سطح پر اور معاشرے میں حقیقی معنوں میں تبدیلی لانے کے لیے مقامی سیاست کا کردار زیادہ اہم ہے۔ ایک سوال پر اسکارلٹ جانسن نے کہا کہ اس وقت ڈیموکریٹک پارٹی کمزور پڑ چکی ہے اور وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہی وجہ ہے کہ میں نے ابھی تک ووٹ دینے کے لیے کسی کو منتخب نہیں کیا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سال 2016کے انتخابات میں اسکارلٹ جانسن نے ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کی حمایت کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکا میں آئندہ صدارتی انتخابات نومبر 2020 میں ہوں گے، جس کیلئے ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے سابق امریکی نائب صدر جوبائیڈن بھی حصہ لیں گے۔