عراق: کربلا میں عاشورۂ محرم الحرام کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے 31 افراد کچل کر جاں بحق

عراق کے شہر کربلا میں عاشورۂ محرم الحرام کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے 31 افراد کچل کر جاں بحق ہو گئے۔

عراقی وزارتِ صحت نے کربلا میں بھگدڑ کے واقعے میں کچل کر 31 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ بھگدڑ مچنے سے 96 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق کربلا میں عاشورہ کے جلوس کے لیے بنائے گئے راستے کا ایک حصہ گرنے سے بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

واضح رہے کہ 10 محرم الحرام کو یوم عاشور کے موقع پر نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں لاکھوں افراد دنیا بھر سے کربلا میں جمع ہوتے ہیں، اس موقع پر جلوس نکالے جاتے ہیں۔