سری لنکا دھماکوں میں ہلاکتیں 359 ہو گئیں، مزید 18 گرفتار

سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں بم دھماکوں میں اموات کی تعداد 359 تک جا پہنچی۔

حملوں سے تعلق کے سلسلے میں پولیس نے مزید 18 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتاریوں کی تعداد 58 ہوگئی، دارالحکومت کولمبو میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

سری لنکن وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے کا ایک پریس کانفرنس میں کہنا ہے کہ حملوں میں ملوث مشتبہ افراد کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں، حملوں میں غیر ملکی تعلق سے متعلق ثبوت بھی ملے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملکی سیکیورٹی ایجنسیاں ان سری لنکن شہریوں کو مانیٹر کررہی ہیں جو داعش میں شامل ہونے کے بعد ملک واپس لوٹے ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں مزید حملوں کا خدشہ برقرار ہے جبکہ ملک میں کرفیو اور ہنگامی حالت نافذ ہے۔