رمضان مبارک کی آمد، مسجد الحرام کے اندر اور صحن میں نئے قالین بچھا دیے گئے


حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے رمضان مبارک کی تیاری کے سلسلے میں مسجد الحرام کے اندر اور صحن میں موجود  تمام قالینوں کو ہٹا کر ان کی جگہ نئے قالین بچھا دیے ہیں۔

مسجد الحرام میں تبدیل کیے جانے والے قالینوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار ہو گئی ہے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق خدماتی امور کی انتظامیہ کے ڈائریکٹر محمد الجابری کا کہنا ہے کہ قالینوں کی تبدیلی انتظامیہ کی جانب سے وضع کردہ مربوط منصوبے کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کا مقصد مسجد الحرام آنے والوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ پوری یکسوئی اور آرام کے ساتھ اپنی عبادات انجام دے سکیں۔

مسجد الحرام میں اعلی معیار کے قالین فراہم کیے گئے ہیں جو مملکت کے اندر تیار ہوئے ہیں، مسجد حرام میں صفائی اور قالینوں کے امور سے متعلق انتظامی شعبے کے سربراہ نائف الجحدلی نے بتایا ہے کہ  حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کی کوشش ہے کہ  حجاج کرام ، معتمرین اور نمازیوں کے لیے بہترین خدمات کی فراہمی اور ان میں ترقی کو یقینی بنایا جائے۔