بھارت: 72 نشستوں پرانتخابات کا چوتھامرحلہ مکمل

بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے کے سلسلے میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا۔

بھارت کی 9 ریاستوں میں لوک سبھا کی 72 نشستوں کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

چوتھے مرحلے میں بھارت کی ریاست مہاراشٹرا، راجستھان، اترپردیش، مغربی بنگال، مدھیا پردیش، اوڑیسا، بہار، جھاڑکھنڈ اور مقبوضہ کشمیر کے بہتر حلقوں کے لیے ووٹنگ ہوئی،ممبئی میں بالی ووڈ ستاروں نے ووٹ ڈالے۔

بھارتی الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال میں پولنگ عملے کو دھمکیاں دینے پر یونین منسٹر اور بی جے پی کے امیدوار بابل سپریو کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔

کشمیر میڈیا سروس ( کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابی ڈرامے کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا اور ضلع کلگام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کی کال پر مکمل ہڑتال کی گئی۔

کے ایم ایس کے مطابق کلگام میں کشمیریوں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے دوران قابض فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔

کے ایم ایس کے مطابق قابض انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں ٹرین سروس بھی معطل کردی۔

یاد رہے کہ بھارت میں تمام 7 انتخابی مراحل مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔