برطانوی شاہی جوڑا 5روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا

اسلام آباد(انمول ٹی وی) برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر آج رات اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ان کی آمد پر نورخان ایئربیس پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے شاہی جوڑے کو خوش آمدید کہا۔

روایتی لباس میں ملبوس دو بچوں نے معزز مہمانوں کو گلدستے پیش کئے۔ معزز مہمانوں نے ان کاشکریہ ادا کیا اور ان سے بات چیت کی۔

دورہ پاکستان کے دوران شاہی جوڑا شمالی علاقوں اور خیبرپختونخوا کے علاوہ دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور کا دورہ کرے گا۔شاہی جوڑا مختلف تقریبات میں شرکت کے علاوہ صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقات کرے گا۔

دریں اثناء اطلاعات و نشریات کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے برطانیہ کے شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے پاکستان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے دورے کو پرامن اور محفوظ پاکستان کا عکاس قرار دیا ہے۔

انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ شاہی جوڑے کے دورے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہونگے۔