امید ہے مسعود اظہر پر چین اپنا فیصلہ تبدیل کرلے گا ، برطانیہ

لاہور(انمول نیوز)بھارت میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر سر ڈومینیک ایسکوئیتھ نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لئے سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، امید ہے مسعود اظہر پر چین اپنا فیصلہ تبدیل کرلے گا ۔ نئی دہلی میں ایک بیان میں برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پلوامہ حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت میں کشیدگی سے برطانیہ کو تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اس بارے میں بے حد پر امید ہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو جلد ہی گلوبل دہشت گرد قرار دے دیا جائے گا۔اس سلسلے میں وہ اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ چین اپنا موقف کب تبدیل کرتا ہے تاہم برطانیہ اس بارے میںپر امید ہے کہ مولانا مسعود اظہر کے حوالے سے چین بھی جلد ہی اپنا فیصلہ تبدیل کر لے گا۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کا سب سے بڑا سپورٹر ہے اور خیال ہے کہ اس حوالے سے معاملات جلد طے پا جائیں گے۔علاوہ ازیں بھارتی دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام کی اہم میٹنگ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہوئی۔

بھارتی دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق میٹنگ کی صدارت سیکرٹری خارجہ وی کے گوکھلے نے کی جس میں پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے بھی شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ میں پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کا موضوع سب سے زیادہ اہمیت کا حامل رہا۔